یہ انجمن غلامان مُحمّد ﷺ کی آفیشیل ویب سائٹ ہے
!

Sunday 7 September 2014

Bidaat kia hey ? what is meant by Biddah ?

اَلْحَدِیْثُ الثَّامِن بدعت کسے کہتے ہیں؟

عَنْ جَابرٍ قَالَ قَالَ رَسُوْلُ اللہِ أَمَّا بَعْدُ فَاِنَّ خَیْرَالْحَدِیْثِ کِتَابُ اللہِ وَخَیْرَالْھَدْی ھَدْیُ مُحَمَّدٍ(صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم) واِنَّ شَرَّالْاُمُوْر مُحْدَثَاتُھَا وَکُلُّ بدْعَۃٍ ضَلَالَۃُٗ
(روایت ہے) حضرت جابر سے کہا(انہوں نے کہ ) فرمایا اللہ کے رسول(نے)بعد(حمدِ الہی کے)

بیشک بہتر کلام(ہے)کتاب اللہ(کی) اور بہترین راستہ راستہ محمد (صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم )کا
اور بدترین کام نیا کام ہےاور ہربدعت گمراہی(ہے)

بامحاورہ ترجمہ: حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے، کہ اللہ کے رسول عزوجل وصلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم نے( خطبہ کے بعد)فرمایا:بعد حمدِ الہٰی کے،بے شک سب سے بہتر کلام کتاب اللہ ہے اور بہترین راستہ محمد(صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم)کا راستہ ہے اور بدترین چیزوں میں وہ ہے جسے نیانکالا گیا اور ہر بدعت گمراہی ہے۔

(صحیح ابن حبان،باب الاعتصام بالسنہ...الخ،ذکر الاخبارعمایجب علی المرء من تحری...الخ، الحدیث ۱۰،ج۱،ص۱۰۶)

وضاحت:

کلامِ الٰہی عزوجل کی برتری تمام کلاموں پر ایسی ہی ہے جیسی رب تعالیٰ کی اپنی مخلوق پر۔ اوریقینا نبی کریم رؤف رحیم صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم کی سیرت بہترین سیرت ہے جس کی پیروی کرنا باعثِ نجات ہے ۔ بدترین چیزوں سے مراد وہ عقائد اور اعمال
ہیں جو حضور اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم کے وصالِ ظاہری کے بعد دین میں پیدا کئے جائیں ۔ (مراٰۃ المناجیح ،ج۱،ص۱۴۶)

بدعت کا لغوی معنیٰ ہے نئی چیزاور شرعی طور پر ہر وہ نئی چیزجو حضورِ پاک صاحبِ لولاک صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم کے زمانہ مبا رکہ کے بعد ایجا د ہوئی بدعت ہے ۔

(مرقاۃ المفاتیح ،ج۱،ص۳۶۸)

بدعت کی تعر یف میں \'\' زمانہ نبوی کی قید\'\' لگائی گئی ہے، چنانچہ خلفائے راشدین رضی اللہ تعالیٰ عنہم کے پاکیزہ دور میں ایجاد شدہ نئے کام کوبھی بدعت ہی کہا جائے گا۔ مگر درحقیقت یہ نئے کام بھی سنت میں داخل ہیں ۔ (ماخوذ از اشعۃ اللمعات ،ج۱،ص۱۳۵) کیونکہ سرورِ عالم صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایا:میری سنت اور میرے خلفاء کی سنّت کو مضبوطی سے پکڑے رہو ۔\'\' (سنن ابن ماجہ ،مقدمہ،الحدیث۴۲،ج۱،ص۳۱)

بدعت کی (اصولِ شرع کے اعتبار سے)دواقسام ہیں :

(۱) بدعتِ حسنہ: ہر وہ نیا کام جو اصول ِ شرع (یعنی قراٰن وحدیث اور اجماع) کے موافق ہو مخالف نہ ہو۔
(۲)بدعتِ ضلالۃ : جو نیا کام اصولِ شرع کے مخالف ہو ۔
اس حدیث میں کُلُّ بِدْعَۃٍ ضَلَالَۃٌ سے مراد دوسری قسم ہے یعنی ہر وہ نیا کام جو قرآن پاک،حدیث شریف،آثارِصحابہ یا اجماعِ امت کے خلاف ہو وہ بدعتِ سیئہ اور گمراہی ہے اور جو نیا اچھا کام ان میں سے کسی کے مخالف نہ ہوتو وہ کام مذموم نہیں ہے جیسے حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے تراویح کی جماعت کے متعلق فرمایا نِعْمَتِ الْبِدْعَۃُ ہٰذِہِ یعنی یہ کیا ہی اچھی بدعت ہے۔

پھربدعت کی مزید پانچ اقسام ہیں:

( 1)واجبہ(2)مستحبہ(3)مباحہ(4)مکروہہ(5)محرّمہ

(1)واجبہ:

جیسے علمِ نحووصرف کا سیکھنا سکھاناکہ اسی کے ذریعے آیات واحادیث کے معنی کی صحیح پہچان حاصل ہوتی ہے (اگرچہ یہ علوم مروّجہ انداز میں عہدِ رسالت میں موجود نہ تھے) ، اسی طرح دوسری بہت سی وہ چیزیں اور علوم جن پر دین وملت کی حفاظت موقوف ہے ۔ اسی طرح باطل فرقوں کا رد کہ ان کے عقائدِ باطلہ سے شریعت کی حفاظت فرضِ کفایہ ہے۔

(2)مستحبہ:

جیسے سراؤں(مسافر خانوں)کی تعمیر تاکہ مسافر وہاں آرام سے رات بسر کرسکیں،دینی مدارس کا قیام تاکہ علم کی روشنی ہر سو پھیلے،اجتماع میلادُ النبی صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم اور بزرگانِ دین کے عُرس کی محافل قائم کرنا۔اسی طرح مسلمانوں کی خیرخواہی کا ہر وہ نیا انداز جو پہلے زمانے (یعنی رسولِ اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم اور آپ کے صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم کے زمانے)میں موجود نہ تھا ۔

( 3)مباحہ:

جیسے کھانے پینے کی لذیذ چیزیں کثرت سے استعمال کرنا ، وسیع مکان میں رہنا،اچھا لباس پہنناجبکہ یہ چیزیں حلال وجائز ذرائع سے حاصل ہوئی ہوں نیزتکبر

اور ایک دوسرے پر فخر کا باعث نہ بن رہی ہوں ۔اسی طرح آٹا چھان کر استعمال کرنااگر چہ عہد ِ رسالت میں اَن چھنے آٹے کی روٹی استعمال ہوتی تھی۔

(4)مکروہہ:

وہ کام جس میں اسراف ہو جیسے شافعیوں کے نزدیک قراٰن پاک کی جلد اور غلاف وغیرہ کی آرائش وزیبائش اورمساجد کو نقش و نگار سے مزیّن کرنا۔ حنفیوں کے نزدیک یہ سب کام بلا کراہت جائز ہیں ۔

(5)محرّمہ:

جیسے اہلِ بدعت کے مذاہب ِ باطلہ جو کہ کتاب وسنّت (اور اجماع)کے مخالف ہیں ۔ (ماخوذ از اشعۃ اللمعات،ج۱،ص ۱۳۵ومرقاۃ المفاتیح ،ج۱،ص۳۶۸)

بعض لوگ اس حدیث کے معنی یہ کرتے ہیں کہ جو کام حضور نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم کے بعدایجاد ہو وہ بدعت ہے اور ہر بدعت گمراہی ، یہ معنی بالکل فاسد ہیں۔ (مراٰۃ المناجیح ،ج۱،ص۱۴۷) شیخِ طریقت امیر اہلسنّت بانی دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطّار قادری دامت برکاتہم العالیہ کے رسائل کے مجموعے\'\' نماز کے احکام \'\'سے بدعتِ حسنہ کی بارہ مثالیں ملاحظہ ہوں :

(1)قرآنِ پاک پر نقطے اور اعراب حجاج بن یوسف نے ۹۵ھ میں لگوائے۔ (2)اسی نے ختمِ آیات پرعلامات کے طورپرنُقطے لگوائے۔(3)قراٰن ِ پاک کی چھپائی(4)مسجد کے وسط میں امام کے کھڑے رہنے کیلئے طاق نُما محراب پہلے نہ تھی ولید مروانی کے دور میں سیدنا عمر بن عبد العزیز رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے ایجاد کی،آج کوئی مسجد

اس سے خالی نہیں۔(5)چھ کلمے۔ (6)علمِ صرف و نحو۔(7)علمِ حدیث اور احادیث کی اقسام۔(8)درسِ نظامی۔(9)زبان سے نماز کی نیت۔ (10) ہوائی جہازکے ذریعے سفرِحج۔ (11) شریعت(حنفی، شافعی، مالکی، حنبلی) و طریقت (قادری، چشتی، نقشبندی، سہروردی) کے چار سلسلے۔ (12) جدید سائنسی ہتھیاروں کے ذریعے جہاد۔ (نماز کے احکام ، ص ۵۴)